ملکہ برطانیہ کا تابوت آج بذریعہ سڑک ایڈنبرا پہنچایا جائیگا

September 11, 2022

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا تابوت آج ایڈنبرا پہنچایا جائے گا—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا تابوت آج بذریعہ سڑک بالمورل سے ایڈنبرا پہنچایا جائے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملکہ برطانیہ کا تابوت ایڈنبرا کے تاریخی ہالیروڈ ہاؤس کے محل پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

یہ تابوت شاہی خاندان کے ارکان کے ہمراہ سینٹ جائلز کیتھیڈرل ایڈنبرا تک جائے گا۔

ایڈنبرا کے کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب منعقد ہو گی، جبکہ تابوت 24 گھنٹوں تک یہاں رہے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملکہ کے تابوت کو بذریعہ ہوائی جہاز کل لندن لایا جائے گا۔

ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ الیگزینڈرا میری ونڈسر 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

ملکہ کو پچھلے سال اکتوبر سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں مشکل پیش آتی تھی۔

الزبتھ دوم 6 فروری 1952ء سے 8 ستمبر 2022ء کو اپنی موت تک 70 سال اور 214 دن برطانیہ کی ملکہ رہیں۔

ملکہ کے انتقال پر برطانیہ میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملکۂ برطانیہ کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے شہزادہ چارلس بادشاہ بن چکے ہیں۔