برآمدات میں پاکستانی کرنسی کے حساب سے41فیصداضافہ

September 20, 2022

اسلام آباد(اے پی پی) ملکی برآمدات میں پاکستانی کرنسی کے حساب سے جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں40.53فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اگست 2022تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں ملکی برآمدات کاحجم 1,043,046 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.53فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی کرنسی میں برآمدات کاحجم 742,226 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست کے مہینہ میں ملکی برآمدات کاحجم 548,326ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 48.67 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال اگست میں پاکستانی برآمدات کاحجم 368,814ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ملکی برآمدات میں 10.84فیصد کی نموریکارڈکی گئی۔اس کے برعکس پاکستانی کرنسی میں درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر 23.75فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی سے لیکراگست 2022 تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں درآمدات کاحجم2,436,754ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1,969,047 ملین روپے تھا۔اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات کاحجم 1,341,024 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اگست میں 1,079,268 ملین روپے تھا،اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر24.25 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔