لیسٹر کے حالات بی جے پی اور آر ایس ایس تعلیمات کا نتیجہ ہیں، سابق لارڈ مئیر عبدالرزاق عثمان

September 21, 2022

برطانیہ کے شہر لیسٹر کے سابق لارڈ میئر عبدالرزاق عثمان نے کہا ہے کہ لیسٹر میں ہونے والے فسادات کی شہر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ غیر یقینی حالات کے سبب شہر والے شدید خوف میں مبتلا ہیں۔

لندن میں جیونیوز کو انٹرویو دیتے ہوئےعبدالرزاق عثمان نے کہا کہ لیسٹر کے حالات بی جے پی اور آر ایس ایس تعلیمات کا نتیجہ ہیں۔ نریندر مودی کے زہریلے نظریات کے اثرات لیسٹر میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی تقسیم نظر آتی ہے۔ مختلف مذاہب کے ماننے کے باوجود پاکستانی اور بھارتی ایک ساتھ ہنسی خوشی رہتے رہے ہیں۔

عبدالرزاق عثمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں اور بھارتیوں نے کاروبار بھی مل کر کیا ہے۔ اب ایسا گروہ سرگرم ہے جو کمیونٹیز میں نفرت کا پرچار کر رہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کمیونٹی کو بھی فساد پھیلانے والوں کو مسترد کر دینا چاہیے۔