پاکستانی اداکارہ کی موت معمہ بن گئی، مقدمہ درج نہ ہوسکا

September 22, 2022

فائل فوٹو

ری اینکمنٹ ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ نسرین کی لاش کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں واقع ان کے اپنے گھر سے کئی روز بعد برآمد ہوئی۔

لائن ایریا میں خاتون اسکول ٹیچر و اداکارہ کی پراسرار موت کا معمہ حل نہیں ہو سکا، مقدمہ کے اندراج کے لیے پولیس لواحقین کو تلاش کر رہی ہے۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس کراچی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 52 سالہ نسرین زوجا تہزیب کاظمی کی کئی روز پرانی لاش دو روز قبل لائنز ایریا کے سیکٹر اے ون میں مکان نمبر آر 570 سے ملی تھی۔

ایس ایس پی کے مطابق لاش پانچ سے چھ روز پرانی تھی جو کافی حد تک خراب ہو چکی ہے۔

پوسٹ مارٹم کے دوران ڈاکٹروں نے فوری وجہ موت بتانے سے معذوری ظاہر کی تھی تاہم خط میں وجہ موت جاننے کے لئے لاش کے اجزاء کیمیکل ایگزامینیشن کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی کے مطابق خاتون سرکاری اسکول ٹیچر تھی جو شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھی اور مختلف ڈراموں میں ری انکیٹمنٹ کا کردار ادا کرتی تھی۔

پولیس کے مطابق متوفیہ نے آٹھ ماہ قبل سرکاری ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سے خفیہ طور پر دوسری شادی کی تھی اور وہ ہفتے میں ایک دو بار ہی اس کے پاس گھر آتا تھا۔

پولیس کے مطابق متوفی اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی جس کی پہلی شادی سے بھی کوئی بچہ نہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی ہے کہ متوفیہ کے شوہر نے شادی کے بعد حال ہی میں کوئی جائیداد اس کے نام کروائی تھی۔ جس کا مبینہ طور پر کوئی تنازع ہو سکتا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق اس سلسلے میں متوفی عنصری ان کے لواحقین کو تلاش کیا گیا ہے جن میں سے اس کے ماموں سے پولیس کا رابطہ ہوا ہے۔

ماموں کی مدعیت میں مقدمہ کے اندراج کے لیے پولیس کوشش کر رہی ہے تاکہ اس کی مبینہ موت تحقیقات کی جا سکیں۔