انگلینڈ کو بڑی شکست، پاکستان نے بغیر وکٹ کھوئے ٹی 20 جیتنے کا عالمی ریکارڈ بنالیا

September 23, 2022

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل باآسانی دس وکٹ سے جیت لیا۔یہ اس طرز کرکٹ میں اتنا بڑا ہدف بغیر وکٹ کھوئے حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔ کپتان بابر اعظم اور دنیا کے نمبر ایک بیٹر محمد رضوان نے چھکوں چوکوں کی بارش کردی ۔ دونوں کی بر ق رفتا ر بیٹنگ نے ان کے ناقدین کو بھی خاموش کردیا۔ میچ کا فیصلہ تین گیند پہلے ہوا۔ 202 رنز پاکستان کی جانب سے اوپننگ اور کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے اس سے قبل دونوں نے جنوبی افریقا کے خلاف گذشتہ سال سنچورین میں197رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اپنے نام کرکے سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ جمعرات کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں بابر اعظم نے نا قابل شکست 110رنز66گیندوں پر بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اورگیارہ چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان نے51گیندوں پر88رنزچار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ تیسرا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔ بابر اور رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بولنگ کو بے اثر کردیا اور نیشنل اسٹیڈیم میں آئے ہوئے تماشائیوں کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ محمد رضوان کو23پر چانس ملا جب ایلکس ہیلز ، ڈاوسن کی گیند پر کیچ لینے میں ناکام رہے۔21 رنز پر وکٹ کیپر نے عادل رشید کی گیند پر اسٹمپڈ چھوڑ دیا۔ محمد رضوان نے دو چانس ملنے کے بعد بازی پلٹ دی۔ بابر اعظم نے سات اننگز کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری39گیندوں پر بنائی ۔ محمد رضوان نے پچاس رنز بنانے کے لئے31گیندیں کھیلیں۔ پاکستانی اوپنرز نے پاور پلے کے چھ اوورز میں59رنز بنائے۔ پاکستان نے پہلے دس اوورز میں87رنز بنائے۔ رضوان اور بابر اعظم نے ایک سورنز11.2اوورز میں مکمل کئے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ۔ معین علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محمد حسنین کو اننگز کی آخری دو گیندوں پر دو چھکے لگائے اور یوں نہ صرف نصف سنچری مکمل کی بلکہ انگلینڈ کا اسکور 199 رنز تک بھی پہنچا دیا۔ محمد حسنین کے چار اوورز میں 51 رنز بنے ۔ پاکستان کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا ، خوشدل شاہ نے اہم موقع پر معین علی کا کیچ چھوڑا، جس کے بعد انھوں نے مزید جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ نے آخری پانچ اوورز میں66اور دس میں112رنز بنائے۔ کپتان معین علی نے23گیندوں پر55رنز چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ہیلز اور فل سالٹ ابتدائی 5 اوورز میں 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شاہنواز دھانی چھٹا اوور کرانے آئے اور پہلی ہی گیند پر پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے ہیلز کو بولڈ کردیا۔ ہیلز نے26رنز21 گیندوں پر بنائے۔ دھانی نے نئے بیٹر ڈیوڈ ملان کو کھاتہ کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی اور اگلی گیند پر ان کی وکٹیں بھی اڑا دیں۔ بین ڈکٹ نے22گیندوں پر43رنز بنائے ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے ۔ہیری بروک نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے19گیندوں پر31رنز اسکور کئے۔ فل سالٹ اور بین ڈکٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 37 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔