بیرونی قرضوں کو نرم شرائط پر فوری ری اسٹرکچرنگ کی ضرورت

September 24, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام بیرونی قرضوں کو نرم شرائط پر فوری طور پر ری اسٹرکچرنگ کی ضرورت ہےکیونکہ پاکستان میں تا ریخ کے سب سے بڑے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے مجموعی اقتصادی نقصانات 30ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ 220 ملین کی آبادی ہونے اور عالمی سطح میں کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ہو نے کے باوجود پاکستان نے گلوبل وارمنگ کی سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔ اب یہ بین الاقوامی برادری کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حرکت میں آئے اور بغیر کسی رکاوٹ و تعطل کے امدادی سرگرمیوں میں فوری طور پر بڑے پیمانے پر شامل ہو کر نقصانات کے ازالے میں اپنے فرائض ادا کرے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کل تین کروڑ تیس لاکھ سیلاب متاثرین اور اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (IDPs) میں سے تقریباً اٹھائیس لاکھ افراد مختلف گمبھیر وبائی امراض کی وجہ سے شدید بیمار ہیں۔