شاباش، بابر الیون

September 24, 2022

دنیائے کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کو اپنے ’’غیر متوقع پن‘‘ اور میچ کو سنسنی خیز بنانے میں خاص شہرت حاصل ہے ،جس کا عملی مظاہرہ جمعرات کی رات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی20سیریز کے دوسرے میچ میں دیکھنے کو ملا۔پاکستان نے بابراعظم کی ٹی20کیریئر کی شان دار دوسری سنچری اور محمد رضوان نے نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے200رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے آخری اوور کی تیسری گیندپر حاصل کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور 7میچوں کی سیریز1-1سے برابر کردی۔انگلینڈ کے کپتان معین علی نےٹاس جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈکے بیٹرز نے آغاز سے ہی بہتر کارکردگی دکھائی اورانگلینڈ نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 199 رنزکا پہاڑ کھڑا کر دیا جو پاکستان کی پہلے میچ کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ناقابل تسخیر سا دکھائی دے رہا تھا ۔اس کے بعد وہی ہوا جس کیلئے پاکستان مشہور ہے، مشکل ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 110اور 88رنز کی شان دار اننگزکھیلیں اور آخری اوور کی تیسری گیند پر 203رنز بنا کرانگلینڈ سے فتح چھین لی ۔بابراعظم نے بحیثیت کپتان پاکستان کی جانب سے تمام طرز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 9سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔پاکستانی ٹیم کیلئے یہ میچ اس لحاظ سے بھی بڑا سود مند رہا کہ بابر اعظم نے اپنی فارم بحال کی،وہ ایشیا کپ سے اب تک کوئی غیر معمولی کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔ایک اور بات کہ فتح میں ہمیشہ خامیاں چھپ جایا کرتی ہیں ،پاکستان کی بائولنگ ،فیلڈنگ اور کپتانی میں بھی کچھ خامیاں دکھائی دیں جنہیں دور کرنا ہوگا ،بہر حال پاکستانی ٹیم اس شاندار فتح پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998