عمران خان کے امریکا مخالف بیانات سے دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا، شہباز شریف

September 24, 2022

فوٹو بشکریہ اے پی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہعمران خان کے امریکا مخالف بیانات سے دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے امریکا مخالف بیانات سے دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا، عمران خان کی سوچ عام پاکستانی کی سوچ نہیں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے جو کچھ کیا وہ پاکستان کے مفادات کے لیے نقصان دہ تھا۔ ہماری حکومت امریکا کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے۔

سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ متاثر ہوا، سیلاب سے 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق پاکستان کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بچوں سمیت 1600 افراد جاں بحق ہوئے، ہزاروں کلومیٹر سمیت انفرااسٹرکچر شدید متاثر ہوا، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے ذریعہ معاش کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان کو دوسرے ممالک کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نہ نمٹا گیا تو کل کسی اور ملک کو بھی آفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی دیگر ممالک کی طرح مشکلات درپیش ہیں، سیلاب نے مسائل بڑھادیے۔

انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات کے باعث پاکستان کو سیلاب کا سامنا ہے، سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو لاکھوں ٹن گندم درآمد کرنی پڑسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ہماری مدد کرے تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی یقینی بنائی جاسکے۔

وزیراعظم نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈونرز کانفرنس فوری بلانے کی میری تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت پڑوسی ملک ہے اور پاکستان پُرامن پڑوسی ملک کے طور پر رہنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پر واضح کیا پاکستان بھارت کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کو 2019 کے بعد کے اقدامات کو تبدیل کرنا ہوگا۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ طالبان کو خواتین کے حقوق کی پاسداری یقینی بنانی ہوگی،خواتین کو تعلیم اور ملازمت کے یکساں مواقع ہونے چاہئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کو فوری بحال کیا جانا چاہیے، افغانستان میں پُرامن حالات پاکستان میں بھی امن کی ضمانت ہیں۔

روس یوکرین جنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس، یوکرین جنگ کے باعث دنیا کو تیل اور اناج کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔