ثروت گیلانی کی پاکستانیوں پر تنقید، بھارتیوں کی تعریف

September 25, 2022

ثروت گیلانی— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے پاکستانیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں قومیت کا جذبہ بالکل بھی نہیں ہے۔

ثروت گیلانی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر اور مختلف حوالے سے خود پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا انحصار کسی بھی قوم کی عام ذہنیت پر ہے، پاکستانی عوام کی ذہنیت صرف ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے تک محدود ہے اور ہم اپنی اسی صلاحیت کی وجہ سے مشہور ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ پاکستان میں کوئی کسی کی تعریف کرے یا کسی کا شکریہ ادا کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی اس سوچ کو بدلنے میں وقت لگے گا، یہ مشکل کام ہے۔

ثروت گیلانی نے اس حوالے سے سرحد پار بھارتی عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قوم اپنے لوگوں کی ہر کامیابی پر تعریف کرتی ہے چاہے جو کچھ بھی اُنہوں نے حاصل کیا ہو، کیونکہ ان لوگوں میں قومیت کا ایک جذبہ ہے اور انہیں بھی اس مقام تک پہنچنے میں کافی وقت لگا ہے۔