عمران خان کی ذہنی حالت پر بڑا ترس آتا ہے، قادر پٹیل

September 25, 2022

وفاقی وزیر صحت اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ذہنی حالت دیکھ کر بڑا ترس آتا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان پولیس کی گاڑیاں دیکھ کر پہاڑ میں چھپ جائیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین کی ذہنی حالت دیکھ کر بڑا ترس آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عالمی دنیا میں وقار دیکھ کر عمران خان نیازی تڑپ رہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین سے دنیا کا کوئی حکمران مل کر اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کی اچھل کود سیلاب متاثرین کے 14 ارب روپے ہضم کرنے کے لیے ہے، پی ٹی آئی چیئرمین میں طاقت ہی نہیں کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک چلائے۔