اسٹاک مارکیٹ، نئے وزیر خزانہ کا خیر مقدم، 367 پوائنٹس کا اضافہ

September 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے وزیر خزانہ کا خیر مقدم،مسلسل دوسرے روز بھی مارکیٹ میں تیزی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں367 پوائنٹس کا اضافہ،58.28 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 62ارب 60کروڑ 41لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم بھی 8.27 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحقٰ ڈار کی واپسی اور وزارت خزانہ کا قلمدان تبدیل ہونے کی اطلاعات پر سیاسی بے یقینی میں کمی آئی ہے صورتحال واضح ہو نے کا سرمایہ کاروں کی جانب سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے ،خریداری میں اضافے کے سبب کاروباری ہفتےکے دوسرے روز منگل کو بھی ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے بعد دن بھر تیزی کا رحجان برقرار رہا اور اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 366.69پوائنٹس کے اضافے سے 41518.23پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 142.05 پوائنٹس کے اضافے سے 15561.93پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 260.50پوائنٹس بڑھنے کے بعد 28389.92 پوائنٹس پر آگیا، سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں اضافے کے باعث سرمایہ کاری مالیت 62 ارب 60 کروڑ 41لاکھ 90ہزار روپے کے اضافے سے 6824ارب 6لاکھ 82ہزار روپے ہو گئی، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 338 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 197 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،111کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی،اور 30کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،کاروباری حجم ایک کروڑ 76 لاکھ 34ہزار شیئرز کے اضافے سے 23 کروڑ 6 لاکھ 58ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا ،منگل کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹی پی ایل پراپرٹیز ،ٹی آر جی، کے۔الیکٹرک،سرجیکو پاک اور ورلڈ کال سر فہرست رہے ، مارکیٹ میں سب سےزیادہ اضافہ نیسئلے پاکستان اور رفحان میز کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ 100.00 روپے اور 66.00 روپے فی شیئرز تھا دوسری جانب سب سے زیادہ کمی سفائر فائبر اور کولگیٹ پامولیو کے شیئرزکی قیمت میں ہو ئی جو کہ 59.50 روپے اور 31.99 روپے فی شیئرز تھی۔