کراچی میں چینی دندان ساز کے کلینک پر فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 2 زخمی

September 28, 2022

کراچی کے علاقے صدر میں چینی دندان ساز کے کلینک پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کلینک میں فائرنگ سے چینی دندان ساز کا ملازم رونلڈ ہلاک ہوگیا جبکہ چینی ڈاکٹر ایچ یو رچرڈ اور ان کی اہلیہ مارگریٹ زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق کلینک میں ملزم مریض بن کر آیا اور باری آنے پر ڈاکٹر پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی دہری شہریت ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک سے 9 ایم ایم پستول کے ساتھ خول ملے ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

فائرنگ کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات نا قابل برداشت ہیں۔