ملکہ کی تدفین پر شہزادہ ہیری اور میگھن کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی

September 29, 2022

شہزادہ ہیری، فائل فوٹو

ملکہ الزبتھ کی تدفین کے موقع پر برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایک شاہی مبصرکا کہنا ہے کہ ملکہ کی آخری رسومات کے دوران ایسا لگ رہا تھا کہ شاہی خاندان کے افراد ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس سے خود کو دور رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

شاہی مبصر نیل شان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ’جب آپ ملکہ کی آخری رسومات کی تصاویر دیکھتے ہیں تو واضح طور پر یہ محسوس کیا جاسکتا ہے کہ شاہی خاندان کا کوئی بھی فرد ہیری اور میگھن مارکل سے بات نہیں کر رہا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’یہاں تک کہ جوڑے کی قریبی دوست، شہزادی یوجینی بھی بظاہر اس دن ہیری یا میگھن سے بات کرتے نظر نہیں آئیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میگھن کے قریبی ذرائع کے مطابق شاہی خاندان کے افراد نے ہیری اور میگھن سے اس وجہ سے بات نہیں کی کیونکہ وہ فکر مند تھے کہ باڈی لینگویج کے ماہرین اُنہیں باتیں کرتے نوٹ کریں گے اور صورتحال کی اپنےحساب سے تشریح کرسکتے ہیں جوکہ پریشان کُن بھی ہوسکتی ہے‘۔

نیل شان نے بتایا کہ’لہٰذا بظاہر، ہیری اور میگھن پوری طرح سے سمجھ گئے تھے کہ انہیں نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’انہیں احساس تھا کہ وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز ہیں اور ان کی شاہی خاندان سے ہونے والی کسی بھی بات چیت کی غلط تشریح بھی کی جا سکتی ہے‘۔