انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین کی سربراہی کیلئے روس اور امریکا میں مقابلہ

September 29, 2022

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (ITU) کی سربراہی کیلئے آج روس اور امریکہ کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اس حوالے سے اجلاس آج رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کی رومانین پیلس آف دی پارلیمنٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے 193 ممبر ممالک آئندہ چار سال تک اقوام متحدہ کی ٹیلی کام ایجنسی کو چلانے کیلئے ایجنسی سربراہ کو خفیہ بیلٹ کے ذریعے منتخب کریں گے۔

اس مرتبہ ادارے کی سربراہی کیلئے امریکہ کی جانب سے ڈورین بوگدان مارٹن اور روس کی جانب سے راشد اسماعیلوف مدمقابل ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ دنیا میں اس وقت موجود غیر معمولی جیو پولیٹیکل حالات کی وجہ سے امریکی امیدوار جیت جائیں گی۔

واضح رہے کہ یہ بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجیز کیلئے اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ہے۔ جو دنیا بھر میں ٹیلی کام اور ٹیک انفرااسٹرکچر کیلئے عالمی معیارات قائم کرنے کے علاوہ انٹرنیٹ کے قوانین کو بھی کنٹرول کرتی ہے۔

اس ایجنسی میں افریقہ، شمالی و جنوبی امریکا، عرب ممالک، ایشیا اور پیسیفک علاقہ، دولت مشترکہ کی آزاد ریاستیں اور یورپی ریاستیں ممبر کے طور پر شامل ہیں۔

جبکہ اجلاس میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے ٹیلی کام، انٹرنیٹ، براڈکاسٹ، سیٹیلائٹ، سافٹ ویئر، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، فن ٹیک، یوٹیلیٹیز، آٹو موٹیو، اسمارٹ سٹیز، ریگولیٹرز، یونیورسٹیز، آر اینڈ ڈی انسٹیٹیوشنز کے علاوہ کئی انٹرنیشنل اور ریجنل اداروں کے 3000 وفود بخارسٹ پہنچ چکے ہیں۔