بھکاری موبائل،زیورات لے اڑی،4 گاڑیاں،29 موٹر سا ئیکل بھی غائب

September 30, 2022

راولپنڈی اسلام آباد(سٹاف رپورٹرخصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 2گاڑیوں ایک رکشے 19موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات،موبائل فونز،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ وفاقی دارالحکومت میں لاکھوں روپے کی نقدی ، طلائی زیورات،موبائل فون، قیمتی سامان کے علاوہ دو گاڑیوں اور 10موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ تھانہ سول لائنز کے علاقہ میں ٹیکسی ڈرائیورکونشہ آورجوس پلاکر جیب سے 20ہزارروپے اور موبائل فون نکال لیا گیا۔تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ میں دوموٹرسائیکل سواروں نے شیررحمان کے چچازاد بھائی عظمت سے گن پوائنٹ پر دو لاکھ روپے اور موبائل چھین لیا اسے مکے مارے اورہوائی فائر کئے۔ تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ لالہ زارمیں حاجی سلطان الدین کے گھر ایک عورت خیرات مانگنے آئی جو گھرسے موبائل فون اورطلائی زیورات مالیتی سوا2لاکھ روپےلے اڑی۔تھانہ آراے بازارکے علاقہ فیصل کالونی میں نوازش علی اوراس کا بھائی عاطف علی اپنی باربر شاپ میں موجودتھے کہ کہ دو نامعلوم افرادموٹرسائیکل پرآئے جو گن پوائنٹ 2موبائل اور3ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ تھانہ صدربیرونی کے علاقہ گلشن آبادمیں حنا ن وحید کے گھرسے پرائز بانڈمالیتی ڈیڑھ لاکھ روپے ،طلائی بالیاں 2 سیٹ،سونے کی دو انگوٹھیاں خواتین کے سوٹ،تھانہ روات کے علاقہ کلیال میں شکیل احمد کے گھر سے زیورات وزنی تقریباً 6 تولہ اوردس ہزار روپے چوری ہوگئے ۔ تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں گاڑی میں دوران سفر محمد عارف کی شلوار کی جیب سے ایک لاکھ روپے نکال لئے گئے ۔تھانہ نون کے علاقے جھنگی سیداں میں نذیر بادشاہ سے طلائی زیورات ،نقدی اور موبائل فون،تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ موہڑہ چوک میں عرفان حیدراورمحمدثقلین سے تین موٹرسائیکل سوار بیگ جس میں موبائل،95ہزار روپے ،اے ٹی ایم کارڈ ،موٹرسائیکل کے کاغذات اورموٹرسائیکل کی چابی تھی اڑا لے گئے۔تھانہ بھارہ کہو پولیس کو اسلم نے بتایاکہ اسکے ملازم میاں مبشر اور اسکے بھائی مدثر نے امانتا لی گاڑی خوردبرد کرتے ہوئے واپس کرنے سے انکا رکردیا۔ دیگر وارداتیں تھانہ پیرودھائی ، وارث خان ، نیوٹاؤن ، آراے بازار، واہ کینٹ ،کینٹ ، ویسٹریج ، سول لائنز ، ائرپورٹ ، ٹیکسلا ،صادق آباد، صدرواہ ، رمنا، شالیمار ، آبپارہ ، لوہی بھیر ،کورال ،ترلائی ،کوہسار ،بھارہ کہو ،گولڑہ ،شالیمار ، پھلگراں ، ،انڈسٹریل ایریا ،سبزی منڈی ،نون ،سہالہ ،آبپارہ کی حدود میں ہوئیں۔