پالتو کتے انسانوں میں ذہنی تناؤ کی نشاندہی کر سکتے ہیں، تحقیق

October 01, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک تجربے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کتے ہماری سانس اور پسینے کی بو میں ذہنی تناؤ کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ سائنس میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تجربے میں چار کتوں کو تین خوشبو والے کنستروں کو سونگھ کر ان میں سے ایک کا انتخاب کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔ 700 میں سے 650 مرتبہ ان کتوں نے کامیابی سے اس کنستر کا انتخاب کیا جس میں ایک ذہنی تناؤ کے شکار شخص کے سانس یا پسینے کا نمونہ رکھا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، بار کتوں کی سونگھنے کی حس پر کیے گئے تجربے سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ پالتو کتے ہمارے احساسات کو کتنی باریکی سے سمجھ سکتے ہیں۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ کتا واقعتاً انسان کا بہترین دوست اور وفادار پالتو جانور ہے۔ کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تجربات کتوں کی تربیت میں معاون ثابت ہوں گے۔ کتے سونگھنے کی حس کی مدد سے دنیا کا تجربہ کرتے ہیں اور ان کی سونگھنے کی حساس صلاحیتوں کو پہلے ہی منشیات، بارودی یا دھماکا خیز مواد اور بیماریوں کا پتہ لگانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان بیماریوں میں کینسر، شوگر حتیٰ کہ کورونا بھی شامل ہے۔ماہرین کی ٹیم کی سربراہ کلارا ولسن کہتی ہیں کہ کئی شواہد موجود ہیں کہ کتے انسانوں کی ایسی بو سونگھ سکتے ہیں جو بعض طبی حالات یا بیماری سے جڑی ہوتی ہیں۔