بھارتی مصالحوں میں کینسر پیدا کرنیوالے مواد کی موجودگی کا انکشاف

April 28, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)بھارتی مصالحوں میں مبینہ کینسر پیدا کرنے والے مواد کی موجودگی کے انکشاف کے بعدامریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی مصالحہ جات بنانے والی بھارتی کمپنی ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کی کوالٹی کا جائزہ لے رہی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ،بھارتی کمپنی ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کی مصنوعات میں کینسر کا باعث بننے والی جراثیم کش دوا کی موجودگی کا علم ہوا ہے۔ہانگ کانگ میں ان معلومات کی بنیاد پر ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کمپنی کے چند پراڈکٹس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ، جس کے بعد امریکی اتھارٹی بھی اس حوالے سے معلومات جمع کر رہی ہے۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے ترجمان نے بتایاہے کہ ان رپورٹس کے حوالے سے اضافی معلومات جمع کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ہانگ کانگ نے رواں ماہ ایم ڈی ایچ کے تین اقسام کے مصالحہ جات اور ایوریسٹ کمپنی کے مچھلی کے سالن والے مِکس مصالحے کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی۔جبکہ سنگاپور نے ایوریسٹ کمپنی کے مصالحہ جات کا آرڈر یہ کہتے ہوئے واپس کر دیا کہ اس میں ایتھلین آکسائیڈ زیادہ مقدار میں موجود ہے ،جو انسانی استعمال کے لیے موزوں نہیں اور زیادہ عرصے تک استعمال سے کینسر ہونے کا خطرہ ہے۔