خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کا کیس، عمران خان پر دوسری بار جرمانہ

October 01, 2022

وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کے کیس میں ایک بار پھر التوا مانگنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مرکزی وکیل بیرون ملک ہیں جبکہ عمران خان میٹنگ میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے ایک بار پھر التوا مانگنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

عمران خان، خواجہ آصف کے وکلا کی مشاورت کے بعد آئندہ سماعت کی تاریخ 22 اکتوبر مقرر کی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھیچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی کی گئی تھی۔