انگلینڈ سے سیریز جیتنے کیلئے پاکستان آج سر دھڑ کی بازی لگادے گا، سیریز تین تین میچوں سے برابر

October 02, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساتواں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل اتوار کی شام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔چھ میچوں کے درمیان کئی نشیب و فراز آئے اور سیریز تین تین میچوں سے برابر ہے۔سیریز جیتنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔چھٹے میچ میں انگلش بیٹسمینوں نے پاکستانی بولروںکے چھکے چھڑا دیئے سالٹ نے نصف سنچری صرف 19گیندوں پر بنائی۔آخری میچ کے بھی تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔توقع ہے کہ سیریز جیتنے کے لئے پاکستانی ٹیم میں دنیا کے نمبر ایک بیٹر محمد رضوان،فاسٹ بولر محمد حسنین اور حارث روف کی واپسی ہوگی۔نوجوان بیٹسمین حیدر علی ان فٹ ہیں اور ان کی میچ میں شرکت کا کوئی چانس نہیں ہے۔توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں محمد حارث ،شاہ نواز دھانی کو ڈراپ کیا جائے گا۔انگلش ٹیم میں فاسٹ بولر کرس ووکس اور مارک ووڈکی واپسی ہوگی۔بابر اعظم کو توقع ہے کہ پاکستان آخری میچ اور سیریز اپنے نام کرے گا۔انہوں نے جیت کا کریڈٹ انگلش بیٹرز کو دیا اور کہا کہ نے کہا کہ اندازہ یہی تھا کہ اچھا اسکور بنایا ہے، دس سے پندرہ رنز مزید بن سکتے تھے۔ میں سمجھتا ہوں کہ انگلینڈ کے اوپنرز فل سالٹ اور ایلکس کو کریڈٹ دینا چاہئے، دونوں نے آغاز اچھا فراہم کیا جس سے مومنٹم ان کی طرف چلا گیا۔لاہور میں رات کو اوس گررہی ہے اس لئے میچ میں ٹاس کی اہمیت بہت زیادہ ہوگی امکان ہے کہ جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی۔انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر بدستور ان فٹ ہیں ان کی میچ میں شمولیت کے امکانات کم ہیں۔انگلش ٹیم کو پاکستان آنے سے قبل بھارت، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں تین ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست ہوئی ہے۔موجودہ سیریز میں اب تک کانٹے دار میچ ہوئے ہیں۔کراچی میں چار میچوں کے بعد لاہور میں کھیلے گئے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے چھ رنز سے فتح حاصل کی تھی۔کراچی میں پاکستان نے چوتھا میچ تین رنز سے جیتا تھا۔چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 170رنز کا ہدف دیا جسے انگلینڈ نے محض دو وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں حاصل کر لیاانگلش اوپنر فِل سالٹ نے87رنز بنائے جس سے وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پایااس سے قبل بابر اعظم نے87رنز کی نمایاں باری کھیلی اور سب سے کم اننگز میں تین ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا ورات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا۔بابر اعظم نے سب سے کم اننگز میں تین ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا ورات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا۔ میچ کے بعد انھوں نے تسلیم کیا کہ یہ اب تک کی اب کی بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز رہی ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یہاں اوس پڑتی ہے، گیند تھوڑا گیلا رہتا ہے جس کے باعث فاسٹ بولرز اور اسپنرز کے لئے مشکل ہو جاتا ہے۔ سیکنڈ ٹائم جب بیٹنگ کر رہے ہوں تو اوس کی وجہ سے آپ کو شاٹس کیلئے بال اچھا آتا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال سامنے آتی رہیں گی اور آپ نے ان کا سامنا کرنا ہے، ہم اس سے قبل اچھے انداز میں میچز جیتے ہیں ہمیں اپنی ٹیم کو اعتماد دینا ہوگا۔