زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

October 02, 2022

فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاق میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے مضبوط موقف اپنائیں گے اور زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ کھاد اور زرعی بیجوں پر کسانوں کو سبسڈی فراہم کریں گے۔

کوئٹہ میں بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے صرف متاثرین کی امداد ہی نہیں بلکہ بحالی بھی کرنا ہے، حکومت محدود وسائل کے باوجود متاثرین کی امداد اور بحالی میں سرگرم عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امداد اور بحالی کے کاموں میں کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرعی قرضے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی، اگر وفاق زمینداروں کے بجلی کے بلوں میں تعاون نہیں کرتا تو صوبائی حکومت خود کرے گی۔