حسین نواز نے مریم نواز کی بریت کو انصاف کی فتح قرار دیا ہے

October 02, 2022

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز نے بہن مریم نواز کی ایوان فیلڈ فلیٹس ریفرنس میں بریت کو انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں حسین نواز نے کہا کہ ایون فیلڈ فلیٹس ریفرنس میں مریم نواز کی بریت انصاف کی فتح ہے، اس کیس میں دادا میاں شریف کے اثاثے نواز شریف سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ کس طرح نواز شریف اور مریم نواز کو نشانہ بنایا گیا، ثابت ہوگیا کہ 2018 میں کس طرح انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی۔

ن لیگی قائد نے مزید کہا کہ تفیش کا رُخ میاں شریف کی طرف موڑا جاتا تو تمام سوالات کے جواب مل جاتے، جنہوں نے 1930 کی دہائی میں تجارت کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں شریف قیام پاکستان کے وقت کئی کمپنیاں قائم کرچکے تھے، پانامہ تحقیقات کا مقصد سچ تلاش کرنا نہیں بلکہ انتقامی کارروائی تھا۔

حسین نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے تمام معاملات اللّٰہ پر چھوڑے دیے اور پھر انہیں انصاف بھی ملا، امید ہے شریف خاندان کو نشانہ بنانے والوں کو اللّٰہ کے انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔