حکومت کی انتقامی کارروائیوں نے آمرانہ دور کی یاد تازہ کر دی، مہربانو

October 03, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) این اے 157 سے تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے کہا کہ این اے 157 میں عمران خان کے بیانیہ پر خواتین متفق ہیں اور حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز عمران خان کے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے خلاف خواتین میں شدید رد عمل پایا جاتا ہے۔ حکومت جتنے مرضی اوچھے ہتھکنڈے آزما لے۔ جتنی مرضی انتقامی کارروائیاں کرلے۔ عمران خان کو عوام سے دور نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت کی انتقامی کارروائیوں نے آمرانہ دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ اور ان کاررائیوں میں آمریت کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ فسطائی حکومت کے خلاف سیاسی میدان میں بھر پور مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 میں الیکشن مہم کے دوران 6T، یونین کونسل 2MR میں محمد عباس چاون کی جانب سے،دنیاپور روڈ، 19MR میں جاوید گجر کی جانب سے،یونین کونسل جھوک لشکرپور میں مہر ضفر ہانسلہ کی جانب سے منعقدہ خواتین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف خواتین ونگ کی مرکزی نائب صدر و رکن قومی اسمبلی کنول شوذب سمیت پی ٹی آئی کی اراکین اسمبلی فرح آغا، ثانیہ کامران، صبرینہ جاوید، ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا پوری قوم عمران خان کو پاکستان کا حقیقی لیڈر تسلیم کر چکی ہے۔ عمران خان واحد وزیراعظم ہیں جنہیں اقتدار سے ہٹنے کے بعد عوام میں بھر پور پذیرائی مل رہی ہیں۔