طلاق کے بعد ارباز خان سے اچھے تعلقات ہیں، ملائکہ اروڑا

October 03, 2022

فائل فوٹو

بھارتی معروف اداکارہ و رقاصہ ملائکہ اروڑا نے اداکار ارباز خان سے طلاق کے 6 سال بعد اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا نے ارباز خان سے طلاق کے 6 برسوں بعد اس موضوع پر بات کی ہے۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ملائکہ نے ارباز سے اپنے تعلق اور اس کے ٹوٹنے کے بعد کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے خود کو سب سے آگے رکھ کر یہ فیصلہ کیا تھا، طلاق کے بعد کے عرصے سے متعلق بات کی جائے تو آج میں پہلے سے بہتر انسان ہوں، آج میرا اپنے بیٹے کے ساتھ بہت مضبوط رشتہ ہے اور میرا بیٹا میری خوشی دیکھ سکتا ہے۔

ملائکہ اروڑا نے کہا ہے کہ طلاق کے بعد اب میرے اور ارباز خان کے پہلے سے اچھے تعلقات ہیں، ہم طلاق کے بعد خود کو مزید باشعور محسوس کرنے لگے ہیں، اسی لیے مجھے خوشی ہے کہ میں نے 6 سال قبل طلاق لینے کا فیصلہ کیا اور اپنے لیے کھڑی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بطور ایک عورت آج میں خوفزدہ نہیں ہوں، ہم سب ہی کو ہمیشہ اپنے دل کی سننی چاہیے کیوں کہ آپ سب کو خوش نہیں کر سکتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد اب ارباز خان کے ساتھ ان کا تعلق کئی گنا بہتر ہے۔

واضح رہے کہ اداکار ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کی شادی 1998ء دسمبر میں ہوئی تھی اور 19 سال بعد مئی 2017ء میں اس جوڑی میں طلاق ہو گئی تھی۔

ارباز اور ملائکہ اروڑا کا ایک 19 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔