جینیوا: سیلاب متاثرین کیلئے 816 ملین ڈالر کی نظرثانی شدہ فلیش اپیل

October 05, 2022

حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ نے آج جینیوا میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 816 ملین امریکی ڈالر کی نئی نظرثانی شدہ فلیش اپیل جاری کردی۔

یہ نظرثانی شدہ 'پاکستان فلڈ رسپانس پلان 2022 ( FRP)' آج جینیوا میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے ساتھ شیئر کیا گیا۔

اس نظرثانی شدہ اپیل میں بتایا گیا کہ لوگوں کی زندگی بچانے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر 816 ملین امریکی ڈالر کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ صرف ایک ماہ قبل کے ابتدائی جائزوں میں یہ رقم 160 ملین امریکی ڈالر تھی جس میں سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات اور صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے 656 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس نظرثانی شدہ اپیل کے اجراء کے موقع پر پاکستان کی وزیر ماحولیات شیری رحمٰن، اقوام متحدہ کے انڈر سیکٹری جنرل مارٹن گریفتھس، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس ایڈہانوم گیبرئیس اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنس بھی موجود تھے۔

اس موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے نقصانات کا ایک مختصر جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ جس میں جانوں کا ضیاع، زخمیوں کی تعداد، ہزاروں کلومیٹر سڑکوں اور ریل انفرااسٹرکچر کی تباہی، کھڑی فصلوں کا نقصان اور لاکھوں ایکڑ رقبے کا ناقابل کاشت ہوجانا اور سیکڑوں کی تعداد میں بنیادی تعلیم اور صحت کے مراکز کی تباہی شامل ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور انسانی ہمدردی کے اداروں کو بتایا گیا کہ اس اپیل کا فوکس 31 مئی 2023 تک 95 لاکھ افراد کو فوری اور جان بچانے والی انسانی امداد اور تحفظ کی فراہمی پر ہے۔ جس میں چاروں صوبوں کے 34 سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔