وکی کوشل کے والد نے بیٹے کی شاہ رخ کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کردی

October 06, 2022

بالی ووڈ اداکار وکی کوشل کے والد شام کوشل نے حال ہی میں ایک پرانی تصویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس میں کم عمر وکی کوشل شاہ رخ خان کی 2001 کی فلم اشوکا کے سیٹ پر کنگ خان اور دیگر کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔ اس فلم میں کرینہ کپور بھی شامل تھیں۔

شام کوشل کے مطابق وکی کوشل اس وقت آٹھویں جماعت کے طالب علم تھے۔

انہوں نے اس پوسٹ پر جو نوٹ تحریر کیا اس میں لکھا، کبھی کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ ایک دن وکی بھی بالی ووڈ جوائن کرے گا۔

واضح رہے کہ اس تصویر میں فلم شیر شاہ کے ڈائریکٹر وشنو وردھن اور وکی کے اداکار بھائی سنی کوشل بھی نظر آرہے ہیں۔

شام کوشل نے اپنی پوسٹ پر کیپشن میں تحریر کیا کہ خاص بات یہ ہے کہ 2022 میں وشنو وردھن اور وکی کوشل دونوں نے بالترتیب بہترین ڈائریکٹر اور بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔