سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ہرا دیا

October 07, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے ہرا دیا۔ محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 168 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 8 وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے مہدی حسن کو 10 رنز پر محمد وسیم نے آؤٹ کیا جبکہ شبیر رحمٰن کو 14 رنز پر حارث رؤف نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر واپس پولین بھیجا۔

پاکستان کے محمد نواز نے 13ویں اوور میں بنگلادیشی بیٹر لٹن داس کو 35 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جس کی اگلی ہی بال پر محمد نواز نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ بھی حاصل کی۔

محمد نواز نےمصدق حسین کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

بنگلادیشی بیٹرافیف حسین کو 25 رنز پر شاہنواز دھانی نے کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان کو پانچویں کامیابی دلوائی جس کے بعد شاداب خان نے چھٹی وکٹ حاصل کی۔

شاداب خان نے نور الحسن کو 8 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا جس کے بعد محمد وسیم نے بنگلادیش کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ حاصل کی۔

فاسٹ بولر محمد وسیم نے تسکین احمد اور نسم احمد کو آؤٹ کیا۔

بنگلادیشی بیٹر یاسر علی نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ میں 78 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم 7ویں اوور میں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شان مسعود نے بھی اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے 31 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 94 رنز پر گری جب شان مسعود 31 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعدحیدر علی بھی 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ افتخار احمد کی گری، وہ 13رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ آصف علی 4 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستانی بیٹر محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 167 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 2، حسن محمود، نسم احمد اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے۔

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، آصف علی، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

دوسری جانب بنگلا دیش ٹیم کی قیادت نور الحسن کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں مہدی حسن مرزا، شبیر رحمٰن، افیف حسین، مصدق حسین، لٹن داس، یاسر علی، تسکین احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمٰن اور نسم احمد شامل ہیں۔