فاسٹ بولر ایمل خان کا پسندیدہ بولر کون؟

October 07, 2022

فوٹو جیو نیوز

پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ہی روز کئی نوجوان کرکٹرز نے توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ان میں ایک مردان واریئرز کے فاسٹ بولر ایمل خان بھی ہیں۔

ایمل خان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ان کا تعلق مہمند سے ہے وہاں کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا اور پھر لاہور کی اکیڈمی لائنز کرکٹ میں شامل ہوگئے اور اب یہیں کھیلتے ہیں۔

ایمل خان نے بتایا کہ وہ فاسٹ بولر محمد عامر سے متاثر ہیں، وہ ان کے پسندیدہ بولر ہیں، ان کی ویڈیوز دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ ہدف ایک ہی ہے کہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا ہے اور اس کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں، اس ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلوں گا سب کی توجہ حاصل کروں گا اور آگے بڑھوں گا۔

ایمل خان نے مزید کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ شروع کرنے پر چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا مشکور ہوں، لیگ میں ہمیں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا، یہ ہم سب کے کیریئرز کے لئے بہت اچھی ثابت ہوگی۔

میچ میں ایمل خان کی تیز گیندوں اور یارکرز نے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے گوجرانوالا جائنٹس کے خلاف چار اوورز میں 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے میچ میں مردان واریئرز جس کے مینٹور سابق کپتان شاہد آفریدی ہیں نے گوجرانوالا جائنٹس کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔