ہیرا پھیری 3 کے لیے اکشے کمار کو منانے کی کوشش کروں گا، سنیل شیٹی

November 16, 2022

بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے اکشے کمار کو ہیرا پھیری 3 کے لیے منانے کی کوشش کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ اکشے کمار کے فلم ہیرا پھیری 3 نہ کرنے کے فیصلے نے مجھے حیران کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اکشے کمار کو ایک بار پھر فلم ٹیم کا حصہ بنائیں، دراصل میں نے، اکشے کمار اور پاریش راول نے فلم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔

سنیل شیٹی نے مزید کہا کہ حالیہ پروموشن کمپین کے بعد میں فلم پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا کے ساتھ بیٹھوں گا، صورتحال کو سمجھوں گا، کیا ہوا؟ کیسے اور کیوں ہوا؟

ان کا کہنا تھاکہ میں پرامید ہوں کہ چیزیں اپنی جگہ پر آسکتی ہیں، اکشے کمار کے بغیر ہیرا پھیری 3 ویسی نہیں بن سکتی، جیسا کہ اُسے ہونا چاہیے۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ فلم میں راجو (اکشے کمار)، شیام (سنیل شیٹی) اور بابو بھیا (پاریش راول) جیسے کرداروں نے ایک ساتھ سفر شروع کیا ہے۔

گزشتہ دنوں اکشے کمار نے فلم ہیرا پھیری 3 میں کام نہ کرنے کی تصدیق کی اور وجہ بھی بتائی۔

انہوں نے کہا کہ فلم کا اسکرپٹ اطمینان بخش نہیں تھا اس لیے پیچھے ہٹ گیا، میں وہی کام کرنا چاہتا ہوں، جسے لوگ دیکھنا چاہیں۔

اکشے کمار نے مزید کہا کہ فلم نہ کرنے کا فیصلہ میرا ہے، یہ زندگی کے سفر کا حصہ ہے، فلم نہ کرنے کا مجھے دکھ ہے لیکن اسکرپٹ جیسے تخلیقی معاملے پر بات نہیں بنی۔

ہیرا پھیری 2000 اور 2006 کی ہٹ فلمیں تھیں، تیسرے حصے کے لیے اکشے کمار کی جگہ کارتک آریان کو لینے کی بات چل رہی ہے۔