اسٹاک مارکیٹ، افواہوں کے باعث ملا جلا رجحان، 31 پوائنٹس کا اضافہ

November 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،سیاسی اور معاشی صورتحال سے متعلق افواہوں کے باعث سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی ، مارکیٹ میں ملا جلا رحجان ،کے ایس ای100انڈیکس میں 31پوائنٹس کا اضافہ،46.76 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی ، سرمایہ کاری مالیت بھی 3 ارب 65 کروڑ 16 لاکھ روپے گھٹ گئی ،کاروباری حجم بھی 29.76 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق سیاسی افق پر چھائے بے یقینی کے بادل اور ملکی معیشت بارے پھیلائی جانے والی افواہوں کی وجہ سے سرمایہ کار مارکیٹ میں دلچسپی نہیں لے رہے ،سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہی پیر کو مارکیٹ میں کاروباری بہت محدود رہا،جس سےمعمولی اتار چڑھاو کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 30.95 پوائنٹس کے اضافے سے 42761.19 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 26.31 پوائنٹس کے اضافے سے 15727.42 پوائنٹس ہو گیا لیکن آل شیئرز انڈیکس 15.72 پوائنٹس کی کمی سے 28927.19 پوائنٹس پر آگیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 334 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 150 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ،156 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی اور 28 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 3 ارب 65 کروڑ 16 لاکھ 50ہزار روپے کی کمی سے 6823 ارب 9 کروڑ 50 لاکھ 36ہزار روپے ہو گئی، محدود کاروبار کی وجہ سے کاروباری حجم گذشتہ سیشن کی نسبت 5 کروڑ 63 لاکھ 41 ہزار کی کمی سے 13 کروڑ 29 لاکھ 42ہزار شیئرز پر آگیا ، پیر کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال، ٹی آر جی ،یونٹی فوڈ ، غنی کیمیکلز اور غنی گلوبل ہولڈنگ سر فہرست رہے ،مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ اللہ وسایا ٹیکسٹائل اور محمود ٹیکسٹائل کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ بالترتیب 168.73 روپے اور 55.00 روپے فی شیئرز تھا۔