منسوخ کرنسی نوٹ بدلوانے کا آخری موقع

November 26, 2022

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے یاد دلایا گیا ہے کہ دس، پچاس، ایک سو اور ایک ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی حتمی تاریخ 31دسمبر 2022 ہے اسلئے عوام کو اس تاریخ تک مرکزی بینک کے دفاتر سے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کو تبدیل کرالینا چاہئے۔ قبل ازیں نوٹ بدلوانے کی آخری تاریخ 31دسمبر 2021ء مقرر کی گئی تھی جس کے بعد پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ قابل استعمال نہ رہنے تھے۔ مگر عوام کی سہولت کے لئے بعدازاں مذکورہ نوٹ تبدیل کرانے کی آخری تاریخ 31دسمبر 2022ء مقرر کردی گئی تھی، بتایا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں کو تبدیل کرنے کی تاریخ میں مذکورہ توسیع آخری بار کی گئی تھی اس لئے عوام کو اس تاریخ تک پرانے ڈیزائن کے نوٹ لازماً تبدیل کرالینا چاہئیں۔ سال 2021ء جس طرح کورونا کی پابندیوں سمیت مختلف النوع دشواریوں میں گزرا اور سال 2022ء میں بھی ملک بارشوں، بدترین سیلاب،بے گھری، بے دری کے علاوہ لانگ مارچ، جلسوں، جلوسوں، راستوں کی بندش سمیت ایسے واقعات سے گزرا جن میں عام آدمی کیلئے روزی کمانا اور نارمل زندگی گزارنا مشکل ہوگیا۔ ایسے حالات میں محنت مزدوری کرنے والے افراد وہ نوٹ کیسے تبدیل کراتے جو بیٹیوں کی شادیوں یا خاص ضرورتوں کیلئے پس انداز کئے گئے تھے۔ سچی بات یہ ہے کہ بہت سے لوگوں کو کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن بدلے جانے تک کی آگہی نہ ہو سکی، ان کی تبدیلی کی تاریخ کا کیسے پتہ چلتا۔ تاحال لوگوں کی خاصی تعداد اس حقیقت سے لاعلم ہے کہ خون پسینے سے کما کر پس انداز کئے گئے نوٹ 31دسمبر کے بعد قابل استعمال نہیں رہیں گے۔ ضروری معلوم ہوتا ہے کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس باب میں آگاہی مہم چلائی جائے اور عام آدمی کو اپنے پرانے کرنسی نوٹ کسی بھی بینک کی کسی بھی شاخ میں تبدیل کرانے کی سہولت دی جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998