کراچی سے چھینی گئی قیمتی گاڑی 4 گھنٹے بعد دادو کے کچے علاقے سے برآمد

November 26, 2022

ایس ایس پی کے مطابق واردات کے 4 گھنٹے بعد اے وی ایل سی کے عملے نے دادو پولیس کی مدد سے گاڑی کا سراغ لگایا۔

سندھ پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے عملے نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے چھینی گئی قیمتی گاڑی 4 گھنٹے بعد دادو کے کچے کے علاقے سے برآمد کرلی۔

اے وی ایل سی، سی آئی اے کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد انور کھیتران کے مطابق ہفتہ کی صبح 6 بجکر40 منٹ پر کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے 3 ملزمان ٹیوٹا کرولا ریوو گاڑی نمبر ایل 4446 اسلحہ کے زور پر چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

انور کھیتران کے مطابق واردات کی اطلاع ملتے ہی اے وی ایل سی کی جانب سے فوری طور پر کراچی کے مختلف علاقوں کی پولیس کے علاوہ موٹروے پولیس، حیدرآباد، سہون اور دادو کے علاقوں میں بھی پولیس کو آگاہ کر کے گاڑی کی ہر ممکن تلاش کا حکم دیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق واردات کے 4 گھنٹے بعد اے وی ایل سی کے عملے نے دادو پولیس کی مدد سے گاڑی کا سراغ لگایا، جو دادو کے کچے کے علاقے میں موجود پائی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔