چیتے کے قریب جانے کی روینہ ٹنڈن کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات شروع

November 29, 2022

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ روینہ ٹنڈن کی ایک حالیہ سفاری ویڈیو سامنے آنے کے بعد یوں لگتا ہے کہ انہوں نے خود پریشانی کو دعوت دے دی ہے۔

اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ مدھیہ پردیش، گجرات، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں قائم ستپورا ٹائیگر ریزرو میں سفاری علاقے میں سفر کے دوران وہ مبینہ طور پر ایک چیتے کے بہت قریب چلی گئی تھیں۔

اس حوالے سے ستپورا ٹائیگر ریزرو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کیونکہ وہ جانوروں کے قریب جانے کی پابندی پر عمل نہیں کرپائیں، اس لیے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

اس ویڈیو میں ان کی جیپ چیتے کے بہت قریب چلی گئی تھی اور جب کیمرہ قریب گیا تو چیتے کے غرانے کی آواز سنائی دی۔

اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے ایک افسر دھیرج سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت کے بعد انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

چیتے کے قریب گاڑی لے جانے والے ڈرائیور اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔