شاہزیب خانزادہ نے فرح گوگی کے ہرجانے کے نوٹس پر جواب دے دیا

November 30, 2022

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے فرح خان گوگی کے ہرجانے کے نوٹس کا جواب دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ وہ اپنی پوزیشن پر آج بھی قائم ہیں، ان کا معافی مانگنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس عمر فاروق ظہور کا انٹرویو کرنے کی مناسب وجوہات موجود تھیں۔

اینکر پرسن نے یہ بھی کہا کہ عمر فاروق ظہور کے پاس سعودی ولی عہد کی طرف سے عمران خان کو تحفے میں دیا گیا گھڑی کا سیٹ موجود تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر فاروق ظہور کے پاس موجود سیٹکی تردید آج تک عمران خان سمیت کسی نے بھی نہیں کی ہے کہ یہ وہ سیٹ نہیں جو سعودی ولی عہد نے عمران خان کو بطور وزیراعظم تحفے میں دیا تھا۔

شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ انہوں نے پوری تحقیق کے بعد ہی عمر فاروق ظہور کا انٹرویو کیا تھا جبکہ انٹرویو سے پہلے انٹرویو کے دوران اور انٹرویو کے بعد تمام صحافتی اصولوں کی مکمل پاسداری کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے بلکہ عدالت میں فرح خان گوگی کے ہرجانے کے نوٹس پر قانونی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔