انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں15 روز کی توسیع

December 01, 2022

فائل فوٹو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں15 روز کی توسیع کردی۔

ایف بی آر کے مطابق اِنکم ٹیکس گوشوارے 15 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

واضح ہے کہ گزشتہ دنوں کراچی چیمبر نے ایف بی آر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ31 دسمبر 2022 تک بڑھانے کی اپیل کی تھی۔

اسکرین گریب

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ادریس نے اپنی اپیل میں کہا تھا کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی جائے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 30 ستمبر 2022 کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔

وزیر خزانہ نے سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ایف بی آر نے ستمبر میں 685 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہدف سے 26 ارب روپے زائد ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 1609 ارب روپے اکٹھا کرنے تھے جبکہ آمدن 1635 ارب روپے رہی۔

ان کا مزید بھی کہنا تھا کہ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ اس دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے۔