• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولائی تا دسمبر 2025: تنخواہ دار طبقے نے کتنے ارب روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا؟

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جولائی تا دسمبر 2025 تنخواہ داروں کی  انکم ٹیکس ادا کرنے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق جولائی تا دسمبر تنخواہ داروں نے 266 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، انہوں نے مجموعی انکم ٹیکس کا تقریباً 10 فیصد ادا کیا۔

تنخواہ دار کا ادا کیا گیا ٹیکس رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے ادا ٹیکس سے دوگنا سے بھی زیادہ رہا، تنخواہ دارطبقے کا ٹیکس گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 23 ارب روپے یا 9 فیصد زیادہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ دارطبقہ اپنی مجموعی آمدن کا تقریباً 38 فیصد ٹیکس کی صورت میں دیتا ہے، تنخواہ دار طبقے پر علاقائی ممالک کے مقابلے میں ٹیکس کا بوجھ سب سے زیادہ ہے۔

ایف بی آر کے ذرائع نے کہا کہ نان کارپوریٹ ملازمین نے سب سے زیادہ 117 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، یہ انکم ٹیکس گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین نے 82 ارب روپے انکم ٹیکس دیا، جو سالانہ بنیاد پر 13 فیصد زیادہ ہے، صوبائی حکومتوں کے ملازمین نے 39 ارب روپے انکم ٹیکس دیا، جو پچھلے سال کے مقابلے 7 فیصد کم ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین نے 27 ارب روپے انکم ٹیکس کی مد میں جمع کروایا، پلاٹوں کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس دوتہائی اضافے سے 87 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

ایف بی آر کے ذرائع نے کہا کہ پلاٹوں کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی میں 29 فیصد کمی ہوئی، یہ 39 ارب روپے رہی، جولائی تا دسمبر رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے 126 ارب روپے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں وصول کیے، یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید