اعظم سواتی کی گرفتاری کیخلاف یاسمین راشد کی درخواست دائر

December 01, 2022

اعظم سواتی—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرا دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، اعظم سواتی کے خاندان پر ظلم ہوا ہے جس کا از خود نوٹس لیا جائے۔

’’مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف بھی پٹیشن دائر کرونگی‘‘

یاسمین راشد نے درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف بھی ایک پٹیشن دائر کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے خواتین کے ساتھ جو سلوک رکھا ہے، اس پر تمام خواتین احتجاج کریں گی، ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے، معیشت تباہ ہو گئی ہے، عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی بات کی تو ان کا بُرا حال ہو گیا۔