امریکا نے القاعدہ، ٹی ٹی پی کے 4 رہنما دہشتگرد قرار دے دیئے

December 02, 2022

فائل فوٹو

امریکا نے کالعدم القاعدہ برصغیر اور تحریک طالبان پاکستان کے چار رہنماؤں کو عالمی دہشتگرد قرار دے دیا۔

امریکی وزات خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کالعدم القاعدہ برصغیر کے امیر اسامہ محمود اور نائب امیر عاطف یحیٰ کو دہشتگرد قرار دیا گیا ہے۔

امریکا نے کالعدم القاعدہ برصغیر کےبھرتیوں کے معاملات دیکھنے والے محمد معروف کو بھی دہشتگرد قرار دیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے قاری امجد کو بھی دہشتگرد قرار دیا ہے، قاری امجد خیبرپختونخوا میں آپریشنز اور عسکریت پسندوں کا سرغنہ ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروپوں کی طرف سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بنے۔