لوگوں کی کامیابی کو دل پر نہیں لیتا، اپنی دنیا میں مگن رہتا ہوں، سنیل شیٹی

December 02, 2022

بالی ووڈ کے سینئر اور معروف اداکار سنیل شیٹی جو کہ گزشتہ 31 برس سے بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں،ایک حالیہ انٹرویو میں سنیل شیٹی سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ اکشے کی کامیابی کو دیکھ کر خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھتے؟

اس پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی چیزوں کو وہ دل پر نہیں لیتے، میری اپنی ایک دنیا ہے جو بہت خوبصورت ہے، میں ان لوگوں میں سے ہوں جو ہمیشہ اور ہر حال میں خوش اور مطمئن رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں غیر محفوظ نہیں، اکشے اور اجے دیوگن نے مجھے کافی انسپائر کیا، ایسا صرف موویز میں نہیں بلکہ فوکس رہنے پر بھی متاثر کیا اور یقیناً زیادہ توجہ دینے سے آپ کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں، غالباً میں اپنے کام کے حوالے سے زیادہ فوکس نہیں تھا اور اسکرپٹس پر زیادہ توجہ نہیں دیتا یا پھر میرا یقین یہ ہے کہ میں زندگی سے بڑھ کر ہوں، جو بہر حال غلط ہے۔

واضح رہے کہ سنیل شیٹی اور اکشے کمار نے لگ بھگ ایک ہی عہد یعنی 1990ء کے عشرے کی ابتدا میں اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے، لیکن دونوں کے کیریئر گراف ایک جیسے نہیں، کیونکہ اکشے اس سفر میں سنیل شیٹی سے کافی آگے نکل گئے۔

دونوں کے ایک ساتھ اداکاری والی فلموں میں مہرہ، دھڑکن، ہیرا پھیری اور بہت سی دیگر شامل ہیں، لیکن اس کے بعد ان کے کیریئر مختلف سمتوں کی جانب چل پڑے۔

ایک جانب اکشے اگلے 20 سالوں میں ہندی فلم انڈسٹری میں بہت زیادہ معاوضہ لینے والے اور زیادہ مصروف اداکار بن گئے تو دوسری جانب سنیل شیٹی فلموں کے چناؤ پر زیادہ توجہ دینے لگے، جس کی وجہ سے ان کا کام کم ہوا اور کیریئر پیچھے کی جانب چلا گیا۔

واضح رہے کہ سنیل شیٹی حال ہی میں ویویک اوبرائے کے ساتھ دہراوی بینک میں ایک گینگسٹر کے طور پر نظر آئے، جبکہ اکشے کی آخری فلم رام سیتو تھی۔