• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھانوی کپور نے اپنے گانے کی ڈیپ فیک ویڈیو کو جنسی ہراسانی قرار دے دیا

جھانوی کپور: فوٹو رائٹرز
جھانوی کپور: فوٹو رائٹرز 

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے فلم دیورا پارٹ ون کے گانے چٹا مالے سے متعلق اے آئی کے ذریعے تبدیل کی گئی ویڈیو پر خاموشی توڑ دی۔ انہوں نے ویڈیو کو جنسی ہراسانی قرار دیا۔

گزشتہ چند روز سے گانے کی ایک اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ اور تبدیل شدہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر زیر گردش ہے۔ یہ گانا فلم ’دیورا: پارٹ 1‘ کا ہے جس میں جونیئر این ٹی آر اور جھانوی کپور نے اداکاری کی ہے۔

جھانوی کپور نے خواتین کو قابلِ اعتراض انداز میں پیش کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کی رضامندی کے بغیر فرضی یا تبدیل شدہ مواد گردش کرنا انتہائی تکلیف دہ اور خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

اداکارہ نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ خواتین کو قابلِ اعتراض انداز میں پیش کرنے اور رضامندی کے بغیر فرضی مواد پھیلانے کے لیے ٹیکنالوجی کا مجرمانہ استعمال ’انتہائی تکلیف دہ اور جنسی زیادتی کے قریب‘ ہے۔

جھانوی کپور کے مطابق ان کی انڈسٹری کی تقریباً ہر خاتون کو کسی نہ کسی شکل میں اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ دنیا بھر میں خواتین تیزی سے اس طرح کے واقعات کا نشانہ بن رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رضامندی، انتخاب اور عورت کے جسم کا احترام انسانی اقدار کی بنیادی باتیں ہونی چاہئیں، لیکن افسوس کہ انہیں اب بھی پیچیدہ معاملات کے طور پر دیکھا جاتا ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

جھانوی کپور نے مزید کہا کہ کسی خاتون کی حدود کا احترام ہر صورت ضروری ہے، چاہے اس نے کیا لباس پہنا ہو۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید