آپ سے ملک نہیں چل رہا، دونوں وزیر خزانہ آپس میں لڑ رہے ہیں، فواد چوہدری

December 03, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ باہر سے آتے ہیں، ملک کو لوٹتے ہیں اور باہر چلے جاتے ہیں، آپ عوام میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے، الیکشن کیا لڑیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی 75 فیصد آبادی کہہ رہی ہے کہ الیکشن کروائے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ سے ملک نہیں چل رہا، دونوں وزیر خزانہ آپس میں لڑ رہے ہیں، عمران خان نے صحیح کہا کہ دونوں وزیر خزانہ سچ بول رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تھوڑی دیر بعد سندھ کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہے، ہمارے فیصلے ہو چکے ہیں، اگر وفاقی حکومت اپنا حصہ نہیں ڈالنا چاہتی تو ان کی مرضی، ہمارےوکلا کی متفقہ رائے ہے کہ گورنر راج نہیں لگ سکتا، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف اپنے کیس ختم کروانے میں سنجیدہ ہے، ان کا سب کچھ باہر ہے، انہیں پاکستان کی ضرورت نہیں۔