معلومات کا خزانہ رکھنے والے رکشہ ڈرائیور کی ویڈیو وائرل

December 05, 2022

اسکرین گریب

ایک بھارتی ان پڑھ یا پھر کم پڑھے لکھے رکشہ ڈرائیور کی معلومات پر مبنی گفتگو کی وائرل ویڈیو کو دیکھ کر کئی تعلیم یافتہ شرمندگی کا شکار ہوگئے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ممبئی کے سخت ٹریفک جام سے وائرل ہونے والی ویڈیو کی دھوم مچی ہوئی ہے۔

اس ویڈیو کو راجیو کرشنا نامی شخص نے اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا کہ ’میں ممبئی کی بدترین ٹریفک جام میں اس آٹو رکشہ ڈرائیور کے ساتھ پھنس گیا تھا، صرف 3 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے لیے انہیں1 گھنٹہ لگ سکتا تھا، اس لئے پیدل ہی یہ سفر طے کرنے کا سوچا اور رکشہ سے اُتر گیا۔

اس رکشہ ڈرائیور جس کا نام رام دیو تھا، اس نے میرے ارادے بھانپ لیئے اور مجھے باتوں میں مشغول کرنے کی خاطر پوچھنے لگا کہ میں اب تک کتنے ملکوں کا دورہ کر چکا ہوں۔

راجیو کرشنا نے مزید لکھا کہ انہوں نے رکشہ ڈرائیور کو چند ممالک کے نام بتائے کہ فلاں فلاں جگہ کا سفر کیا ہے، پھر اس نے مجھ سے کہا کہ وہ یورپ کے تمام 44 ممالک کے نام جانتے ہیں، اور ایلفا بیٹک آرڈر میں تمام ممالک کے نام سنانا شروع کئے، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ان کے صدور اور وزیر اعظم کے نام بھی بالکل درست بتائے۔ پھر اس نے جو کبھی مہارشتا کی ضلع سندھوڈرک سے باہر نہیں گیا، اس نے نہ صرف مہاشترا کے 35 اضلاع بلکہ گجرات اور یوپی کی بھی تمام اضلاع کے نام بتائے۔

راجیو کرشنا کا کہنا تھا کہ صرف اتنا ہی نہیں وہ پاناما پیپر، 2جی اسکینڈل اور کرنسی نوٹ کی بندش کے حوالے سے بھی آگاہ ہے، اس نے نہ صرف مجھے بلکہ میرے اردگرد موجود کئی دیگر کو بھی متاثر کیا، بدقسمتی سے 61 سالہ رام دیو غربت کے باعث تعلیم حاصل نہ کرسکا‘۔

راجیو کرشنا نے اس ایک گھنٹے کے ٹریفک جام کو اپنی زندگی کا بہترین اور معلومات سے بھرپور گھنٹہ قرار دیا جب کہ اس کی ویڈیو وائرل ہوئی تو 4 لاکھ سے زائد صارفین نے اسے دیکھا اور 50 ہزار سے زائد نے پسند کیا۔