ٹائٹنک کی فلمنگ کے بعد کیٹ ونسلیٹ تھوڑی پریشان اور اپ سیٹ ہوگئی تھیں، جیمز کیمرون

December 05, 2022

ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم 'ٹائی ٹینک' کے ہدایتکار، لکھاری اور پروڈیوسر جیمز کیمرون نے کہا کہ ٹائٹنک کی فلمنگ کے بعد فلم کی ہیروئن کیٹ ونسلیٹ تھوڑی پریشان اور اپ سیٹ ہوگئی تھیں۔

ایک حقیقی واقعے پر رومانی کہانی پر بنائی گئی 1997 کی ہالی ووڈ کی اس عہد ساز فلم نے کئی ایوارڈز اور اعزات اپنے نام کیے جبکہ کیٹ ونسلیٹ کو روز کا کردار نبھانے پر اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔

فلم میںکیٹ ونسلیٹ کے مقابل ہیرو کا کردار ہالی ووڈ کے ایک اور بڑے اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا تھا۔

اس حوالے سے کیٹ ونسلیٹ کا کہنا تھا کہ یہ فلم کرنے کے بعد انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ پھر کبھی جیمز کیمرون کے ساتھ کوئی فلم کرپائیں گی، اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹائی ٹینک کی فلمنگ کے دوران جیمز کیمرون نے انہیں کافی خوفزدہ کیا۔

دریں اثنا ایک انٹرویو میں جیمز کیمرون نے کہا کہ کیٹ ونسلیٹ کو مشکل اس لیے درپیش تھی کہ وہ ٹائی ٹینک بنانے کے موقع پر صرف 22 برس کی تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس پیمانے پر اس فلم کی پروڈکشن اور کیٹ کی ذمہ داریاں تھیں اس سے وہ تھوڑی پریشان اور اپ سیٹ ہوگئی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیٹ کے ساتھ کافی برس تک کام کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ وہ بڑی اداکارہ ہیں۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ وہ فلمیں پروڈیوس کررہی ہیں۔ اپنے بارے میں کیمرون کا کہنا تھا کہ وہ اب کافی دھیمے اور نرم ہوگئے ہیں۔