عمران خان سے ملاقات کرنے والی یہ معذور بچی کون ہے؟

December 06, 2022

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے معذور سماجی کارکن اور امن کی سفیر تقویٰ احمد کی ملاقات ہوئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران 14 سالہ تقویٰ احمد نے عمران خان کو اپنی نظم بھی پڑھ کر سنائی۔

عمران خان کی جانب سے تقویٰ احمد سےملاقات کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقویٰ احمد عمران خان کو اپنی نظم ’چلو کچھ کام کر جاؤ‘ سنا رہی ہے۔


نظم کے ختم ہونے پر تقویٰ احمد کا بتانا ہے کہ انہوں نے یہ نظم خصوصی طور پر عمران خان کے لیے لکھی ہے۔

تقویٰ احمد کی اس نظم کی تعریف کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ بڑی سمجھدار اور اپنی عمر سے بڑھ کر ہو۔

عمران خان کے انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ ’تقویٰ صرف 14 سال کی ہے اور اسپینا بیفیڈا (Spina bifida) نامی بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود کمال کام کر رہی ہے، اپنے عظیم کاموں کے سبب تقویٰ احمد حضرت خدیجہ الکبریٰ اور پرائیڈ آف پاکستان صدارتی ایوارڈز بھی جیت چکی ہے۔

واضح رہے کہ Spina bifida ایک ایسی بیماری ہے جو ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کرتی ہے اور عام طور پر پیدائش کے وقت سے ہی لاحق ہوتی ہے۔