پاکستان کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، وزیر مملکت برائے خزانہ

December 06, 2022

وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں،جب حکومت سنبھالی تھی تو ڈیفالٹ کا خطرہ موجود تھا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آن لائن بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو اگلی قسط اس وقت ملے گی جب آئی ایم ایف بورڈ منظوری دے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، اے ڈی بی سمیت دیگر اداروں سے بھی بات چیت جاری ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دوست ممالک کو قرضوں کی ادائیگی رول اوور کی جا رہی ہے، دیگر قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے بحالی اور تعمیر نو کیلئے 16 ارب ڈالر درکار ہیں، تعمیر نو میں کئی سال کا عرصہ لگے گا۔