تحریک عدم اعتماد کے لیے تیار ہیں، فواد چوہدری

December 20, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے تیار ہیں۔

زمان پارک لاہور میں مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس پنجاب میں ارکان کی تعداد 190 ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے، ہم تحریک عدم اعتماد کےلیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پہلے تحریک عدم اعتماد لینی ہے یا تحریک اعتماد، یہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا اختیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کو شیڈول کرنے کا اختیار اسپیکر کے پاس ہے، اسپیکر جو رولنگ دیں گے ہم اسی کے مطابق چلیں گے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل ہوجائے گی، پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لیں گے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، پی ڈی ایم والے ملک نہیں چلاسکتے تو جان چھوڑ دیں۔