کراچی: ٹریفک سگنلز کے الیکٹرک وائر بھی چوری ہونے لگے، 30 وارداتیں رپورٹ

December 21, 2022

کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ آئے دن نت نئی وارداتیں سامنے آ رہی ہیں، شہر میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے لگے 30 سگنلز کے قیمتی وائر چوری کر لیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کی اہم اور معروف شاہراہوں پر نصب ٹریفک سگنلز کے وائر نشے کے عادی افراد کاٹ کر لے گئے ہیں۔

وائر چوری ہونے کے وجہ سے ایسے تمام ٹریفک سگنلز بند ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک کو وائر چوری کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے خط لکھا گیا ہے۔

خط کے مطابق سگنلز کے الیکٹرک وائر کی مسلسل چوری کے واقعات سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

چوری کی ان وارداتوں سے ٹریفک انجینئرنگ بیورو پر اضافی اخراجات کا بوجھ بھی پڑتا ہے۔

خط میں کراچی بھر میں چوری کے 30 سے زائد واقعات اور مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے تاہم ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔

خط میں ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی جانب سے ٹریفک پولیس کو سگنلز کی حفاظت کے لیے اقدامات کے لیے بھی کہا گیا ہے۔