• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل کالونی میں جدید ترین لائٹس کا حامل ٹریفک سگنل نصب

کراچی (رپورٹ/اعجاز احمد) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) نے ماڈل کالونی کی سڑک پر جدید ترین لائٹس کا حامل ٹریفک سگنل نصب کردیا، جو سینٹرل لائٹ سورس سسٹم کے تحت لگایا گیا ہے اور اس سے 90 فیصدتک بجلی کی بچت ہوتی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق گذشتہ برس اتھارٹی کی جانب سے شہر میں عوامی مفاد کے کئی منصوبے شروع کئے گئے، جن کی تکمیل سے شہریوں کو کافی سہولت ملنے کی توقع ہے۔ اس وقت عوام کی سہولت کےلیے فیڈرل بی ایریا میںگلبرگ چورنگی، طاہر ولا چورنگی اور کمپری ہنسو چورنگی ختم کرکے ان مقامات پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب کا کام جاری ہے، جبکہ ماڈل کالونی میں قبرستان کے قریب انٹر سیکشن پر ٹریفک سگنل نصب کردیا گیا ہے، جس نے کام شروع کردیا ہے، اس کی وجہ سے وہاں ٹریفک حادثات میں کافی کمی آئی ہے اور لوگوں کو بہت ریلیف ملا ہے۔ ماڈل کالونی کی سڑک پر جو سگنل لگایا گیا ہے وہ انتہائی جدید ہے اور اس کی لائٹس بھی جدید ہیں ،یہاں سینٹرل لائٹ سورس سسٹم لگایا گیا ہے، جس سے بجلی کی بہت بچت ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل سگنل صرف 100واٹ کنزیوم کرتا ہے، جو دیکھنے میں بھی انتہائی خوبصورت ہے۔قبل ازیں اتھارٹی نے یہی لائٹ سسٹم کراچی کے دیگر ٹریفک سگنلز کلفٹن تین تلوار، ریس کورس، ، للی برج، پی آئی ڈی سی چوک، ہوشنگ چوک، ناہید سپر اسٹور اور شہید ملت روڈ پر بھی لگایا ہے، جودیکھنے میں بھی بہت صاف وشفاف ہے اور بجلی کی بچت کے پہلو سے بھی بہت کار آمد ہے ۔
تازہ ترین