آسٹریلیا: خالصتان ریفرنڈم سے قبل اندرا گاندھی کے قاتلوں کے پوسٹرز لگانے پر کشیدگی

January 09, 2023

آسٹریلیا میں خالصتان ریفرنڈم سے قبل اندرا گاندھی کے قاتلوں کے تعریفی پوسٹر لگانے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

15 جنوری کو اندرا گاندھی کے قاتلوں ستونت سنگھ اور کیہر سنگھ کی 34ویں برسی کے حوالے سے کار ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قاتلوں کو 6 جنوری 1989 کو پھانسی دی گئی تھی۔

ستونت سنکھ اور کیہر سنگھ نے گولڈن ٹیمپل پر حملے کا بدلہ لینے کے لیے اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کو قتل کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میلبورن میں 29 جنوری کو خالصتان ریفرنڈم کا انعقاد ہوگا۔

اس سلسلے میں پلیمٹن گوردوارہ کے باہر لگا خالصتان ریفرنڈم کا پوسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

پوسٹر پر ستونت اور کیہر سنگھ کی تصاویر بھی موجود ہیں، تاہم اس پوسٹر کو دیکھ کر بھارتی ہندو کمیونٹی مشتعل ہوگئی اور پوسٹر پر اسپرے کرڈالا۔

واقعے کے بعد کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص کی آواز سنی جاسکتی ہے جو دھمکی دے رہا ہے کہ ’بھارتیوں میں ہمت ہے تو زور لگالو، یہ پوسٹر میلبورن کے ایک ایک انٹرچینج پر آویزاں کیے جائیں گے۔‘

دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے تمام معاملات کا جائزہ لے کر خالصتان ریفرنڈم رکوانے سے انکار کر دیا ہے۔