• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حساس انٹیلی جنس کی وجہ سے امریکا نے پاک بھارت کشیدگی میں اپنی مداخلت بڑھائی، امریکی صحافی

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس : فوٹو فائل
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس : فوٹو فائل

وائٹ ہاؤس کو کور کرنے والی امریکی ٹی وی سی این این کی صحافی آلیانہ ٹرینی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جمعہ کی صبح امریکا کو ایک تشویشناک انٹیلی جنس موصول ہوئی، اس حساس انٹیلی جنس کی وجہ سے امریکا نے پاک بھارت کشیدگی میں اپنی مداخلت بڑھائی۔

امریکی صحافی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ امریکی عہدیداروں نے حساس ہونے کی وجہ سے اس انٹیلی جنس کی نوعیت نہیں بتائی۔

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھارتی وزیراعظم مودی کو فون کیا، وینس نے مودی کو بتایا کہ کشیدگی جاری رہی تو ہفتے کے اختتام پر اس میں شدت آنے کا خدشہ ہے۔

صحافی نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ روبیو اور وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف پاک بھارت تنازع کو مانیٹر کررہے تھے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وین  نے جنگ بندی مذاکرات کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کیا،

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ امریکی نائب صدر نے مودی پر پاکستان سے براہ راست رابطہ کرنے کےلیے زور ڈالا، وینس نے مودی پر زور ڈالا کہ کشیدگی کم کرنے کے متبادل راستوں پر غور کیا جائے، نائب صدر نے مودی کو ممکنہ متبادل راستے کی ایسی تجویز بھی دی جو پاکستان کے لیے بھی قابل قبول ہوسکتی تھی۔

اس کے بعد امریکی وزیر خارجہ اور محکمہ خارجہ کے اہلکار رات بھر بھارت، پاکستان حکام سے رابطے میں رہے۔

امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے معاہدے کا مسودہ تیار کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے دونوں فریقین کو بات چیت پر آمادہ کیا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ نائب صدر وینس کا مودی کو فون کرنا اس سارے معاملے میں اہم موڑ تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید