کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن

January 13, 2023

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اجلاس ہوا، جس میں سندھ کی درخواست اور نوٹیفیکشنز پر غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ کراچی ڈویژن، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔


الیکشن کمیشن نے درخواست کی کہ وزارتِ داخلہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے تحلیل ہونے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے 15 جنوری کو کراچی، حیدرآباد اور دادو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے اور حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے تھے جس کے بعد پنجاب اسمبلی توڑ دی گئی۔